31 اکتوبر 2015 - 14:54
مصر میں روسی طیارہ گر کر تباہ، 224 مسافر ہلاک / روس میں یکم نومبر کو یوم سوگ کا اعلان

روس کاایک مسافر بردار طیارہ مصر کے علاقے صحرائے سینا میں گر کر تباہ ہوگیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق مصری حکام نے طیارہ حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے تبایا ہے کہ روس کا بدقسمت مسافر طیارہ صحرائے سینا میں العریش کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے کچھ فاصلے پر گر کر تباہ ہوا ہے ۔ بدقسمت طیارہ شرم الشیخ سے سن پیٹرز برگ کے لئے روانہ ہوا تھا جس کے بعد کنٹرول ٹاورسے اس کا رابطہ منقطع ہوگیا۔

روسی حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا ایئر بس تین سو اکیس طیارہ، روسی کمپنی کاگلومویا کا تھا۔ طیارے میں دو سو سترہ مسافر اور عملے کے سات افراد سوارتھے۔ طیارے کے حادثے میں سب مسافروں کے ہلاک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ طیارے میں سوار زیادہ تر مسافر روسی شہری تھے جو سیاحتی ٹور پر مصر آئے تھے۔

روسی صدر ولادیمیر پوتن نے طیارے کے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے لواحقین کو تعزیت پیش کی ہے۔ مصری ذرائع کے مطابق جائے وقوعہ پر امدادی کام جاری ہیں اور طیارے کے ملبے سے اب تک پانچ بچوں سمیت سو افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں۔ سیکورٹی ذرا‏ئع نے طیارے کے حادثے میں دہشت گردی یا تخریب کاری کے امکان کو مسترد کردیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ صحرائے سینا کے علاقے میں مصری فوج اور تکفیری دہشت گردوں کے درمیان اکثرجھڑپیں ہوتی رہتی ہیں جس کے دوران فریقین ایک دوسرے کے خلاف ہلکے اور بھاری ہتھیار بھی استعمال کرتے ہیں۔

صدر روس ولادی میر پوتین نے مصر میں روسی مسافر بردار طیارے کے حادثے کے پیش نظر 1 نومبر کو قومی سوگ کا اعلان کیا، صدر روس کی پریس سروس نے بتایا۔

"31 اکتوبر سن 2015 کو مصر میں مسافر بردار طیارے کے حادثے میں بہت زیادہ لوگ ہلاک ہو گئے۔ اس افسوس ناک سانحہ کے شکار افراد کی یاد میں 1 نومبر سن 2015 کو روس میں قومی سوگ منایا جائے گا"، ولادی میر پوتین کے حکم نامے میں لکھا گیا ہے۔

ولادی میر پوتین نے حکومت اور متعلقہ اداروں کو ہلاک شدگان کے لواحقین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت دی۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169